اقبالؔ اور اردو: فکر و فن، تہذیب و شعور کے دو روشن استعارے

اقبالؔ اور اردو: فکر و فن، تہذیب و شعور کے دو روشن استعارے

یومِ اقبالؔ و یومِ اردو — خصوصی اشاعت

اقبالؔ اور اردو: فکر و فن، تہذیب و شعور کے دو روشن استعارے

یومِ اقبال اور یومِ اردو کے موقع پر ایک ادبی و فکری خراجِ عقیدت

غلام مزمل عطاؔ اشرفی
سہرسہ، بہار

تاریخِ ادب میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی عظمت کا تعین محض ان کی تخلیقات کی کثرت یا شہرت کی وسعت سے نہیں کیا جا سکتا؛ ان کی اصل قدر و منزلت اس فکری انقلاب، تہذیبی اثر اور شعوری بیداری میں مضمر ہوتی ہے جو ان کے افکار سے جنم لیتی ہے۔ علامہ محمد اقبالؔ بھی ایسی ہی ہمہ جہت شخصیت ہیں جنہوں نے اردو شاعری کو محض جذبات و احساسات کی ترجمانی کے دائرے سے نکال کر فکر و فلسفہ، خود شناسی و خود آگہی اور تعمیرِ حیات و تشکیلِ کردار کی ایک وسیع تر کائنات سے روشناس کرایا۔ ان کا شمار ان معدودے چند شعرا میں ہوتا ہے جن کے یہاں فن کی لطافت اور فکر کی گہرائی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم نظر آتی ہیں۔

اقبالؔ کی شاعری کا امتیاز یہ ہے کہ وہ قاری کو صرف محظوظ نہیں کرتی، اسے غور و فکر پر آمادہ بھی کرتی ہے۔ ان کے اشعار میں لفظ کی دل کشی کے ساتھ معنی کی تہہ داری، تخیل کی پرواز کے ساتھ فلسفے کی گیرائی اور جذبے کی حرارت کے ساتھ عمل کی دعوت بھی موجود ہے۔ ان کے نزدیک شاعری محض حسنِ اظہار کا نام نہیں، بلکہ ایک ایسا وسیلۂ بیداری ہے جو فرد کے باطن میں انقلاب برپا کرکے اسے اپنی حقیقت اور اپنی ذمہ داریوں سے آشنا کرتا ہے۔

ان کا فلسفۂ خودی دراصل انسان کی داخلی قوت، خود اعتمادی اور تعمیرِ شخصیت کا فلسفہ ہے۔ اقبالؔ انسان کو احساسِ کمتری، جمود اور بے عملی کی پستی سے نکال کر عزم و استقلال، بلند ہمتی اور مسلسل جدوجہد کی راہ پر گام زن دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے تصورِ شاہین میں بلند پروازی، آزادیِ فکر اور خودداری کی علامتیں سمٹ آئی ہیں، جب کہ مردِ مومن کا تصور یقین و عمل، عشق و بصیرت اور کردار کی استقامت سے عبارت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا کلام اپنے عہد کے مخصوص حالات سے تجاوز کرکے ہر اس انسان کے لیے معنویت رکھتا ہے جو زندگی کو محض گزرنے کا عمل نہیں، بلکہ کسی بلند مقصد کے حصول کا وسیلہ سمجھتا ہے۔

اقبالؔ کی فکری عظمت کا ایک نمایاں پہلو یہ بھی ہے کہ انہوں نے مشرقی تہذیب و روایت کے علمی سرمائے سے گہرا رشتہ برقرار رکھتے ہوئے جدید فلسفیانہ مباحث سے بھی بھرپور استفادہ کیا۔ ان کے یہاں روایت اور جدت میں تصادم کے بجائے ایک بامعنی مکالمہ دکھائی دیتا ہے۔ وہ ماضی کی عظمت سے انکار نہیں کرتے، لیکن ماضی پر غیر ضروری تفاخر کو مستقبل کی تعمیر کا متبادل بھی نہیں سمجھتے۔ ان کی فکر میں عشق، عقل، وجدان، خودی اور عمل ایسے بنیادی عناصر ہیں جو مل کر ایک ہمہ گیر فلسفۂ حیات کی تشکیل کرتے ہیں۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ اقبالؔ کی شاعری نے اردو زبان کے امکاناتِ اظہار کو غیر معمولی وسعت عطا کی۔ انہوں نے دقیق فلسفیانہ تصورات، تہذیبی مباحث اور اجتماعی مسائل کو شعری پیکر میں اس خوبی سے ڈھالا کہ اردو شاعری میں فکری سنجیدگی اور معنوی گہرائی کی ایک نئی روایت مستحکم ہوئی۔ ان کا کلام اس امر کی روشن دلیل ہے کہ اردو زبان نہ صرف لطیف جذبات اور نازک احساسات کے اظہار کی صلاحیت رکھتی ہے، بلکہ پیچیدہ علمی و فلسفیانہ موضوعات کو بھی نہایت مؤثر اور دل نشیں انداز میں پیش کر سکتی ہے۔

اردو — تہذیب و شائستگی کی لازوال داستان!

زبانِ دل، ترجمانِ تہذیب اور سرمایۂ ادب

یومِ اقبال کے ساتھ یومِ اردو کی مناسبت ہمیں ایک ایسے لسانی و تہذیبی سرمائے کی طرف متوجہ کرتی ہے جس کی تشکیل میں صدیوں کا علمی، ادبی اور معاشرتی تجربہ شامل ہے۔ اردو محض ایک زبان نہیں، بلکہ برصغیر کی مشترکہ تہذیبی تاریخ، باہمی میل جول، فکری تعامل اور ادبی ارتقا کی ایک روشن علامت ہے۔ اس کے دامن میں مختلف لسانی روایتوں کی خوشبو، تہذیبی میل جول کی لطافت اور انسانی احساسات کی بے شمار کیفیات محفوظ ہیں۔

اردو کی شیرینی اس کے الفاظ ہی میں نہیں، اس کے طرزِ اظہار، محاورے، روزمرے اور اسلوبِ گفتگو میں بھی جلوہ گر ہے۔ اس زبان نے محبت کو شائستگی، اختلاف کو تہذیب، غم کو تاثیر اور خیال کو حسنِ بیان عطا کیا ہے۔ اس کی غزل میں جذبے کی نزاکت، نظم میں فکر کی وسعت، مرثیے میں سوز و گداز، داستان میں تخیل کی رنگینی اور نثر میں استدلال و بیان کی بے شمار صورتیں جلوہ گر ہیں۔

امیر خسروؔ کی لسانی روایت سے لے کر ولی دکنی کی غزل گوئی، میرؔ کے سوزِ دروں سے غالبؔ کی فکری ندرت، مومنؔ کی نزاکتِ بیان سے اقبالؔ کی فلسفیانہ رفعت تک اردو ادب کا سفر ایک مسلسل تخلیقی ارتقا کی داستان ہے۔ اس سفر میں مختلف عہدوں کے اہلِ قلم نے اپنے اپنے ذوق، تجربے اور فکری رجحانات کے ذریعے زبان کے دامن کو وسعت بخشی۔ یہی تنوع اردو کی قوت اور اس کی ادبی انفرادیت کا بنیادی حوالہ ہے۔

تاہم کسی زبان کی عظمت کا اعتراف صرف اس کے شاندار ماضی کے تذکرے سے مکمل نہیں ہوتا۔ زبان کی حقیقی زندگی اس کے علمی استعمال، تخلیقی سرگرمی، تحقیقی سرمایہ، تنقیدی بصیرت اور نئی نسل کے ساتھ اس کے زندہ تعلق میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ اردو کو اگر آنے والے زمانے میں بھی ایک مؤثر علمی و ادبی زبان کے طور پر اپنا مقام برقرار رکھنا ہے تو ضروری ہے کہ اس میں جدید علوم، سائنسی تحقیقات، فلسفیانہ مباحث اور عصری مسائل پر معیاری تحریریں وجود میں آئیں۔ تعلیمی اداروں، ادبی انجمنوں، ناشرین اور اہلِ قلم کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔

یہ امر بھی پیشِ نظر رہنا چاہیے کہ اردو کی خدمت محض اس کے حق میں نعرے بلند کرنے یا اس کی عظمت کے قصیدے پڑھنے کا نام نہیں؛ اس کا حقیقی تقاضا معیاری ادب کی تخلیق، علمی سرمایہ کی حفاظت، زبان و بیان کی صحت، مطالعے کے فروغ اور نئی نسل میں ادبی ذوق کی آبیاری ہے۔ ہمیں اردو کو جذباتی وابستگی کے ساتھ ساتھ علمی سنجیدگی اور عملی فعالیت بھی عطا کرنا ہوگی۔

اسی احساسِ وابستگی اور تہذیبی محبت کے اظہار میں راقم کی ایک نظم پیشِ خدمت ہے:

اردو — تہذیب و شائستگی کی لازوال داستان!

زبانِ دل، ترجمانِ تہذیب اور سرمایۂ ادب

سدا اہلِ نظر کے دل میں گھر کرتی ہے یہ اردو ادب سے تلخ لہجے درگزر کرتی ہے یہ اردو بیاں کرتی ہے جب یہ داستانِ عشق و الفت کو دعا بن کر اثر، آنکھوں کو تر کرتی ہے یہ اردو لچک اس کی، نفاست اس کی، اور اس کا تکلم بھی سماعت میں عجب شیریں اثر کرتی ہے یہ اردو ادب کے زلف کو جب چومتی ہے یہ غزل بن کر تو دنیا بھر کے دل زیر و زبر کرتی ہے یہ اردو ملا کر چاشنی ہندی کی اور لہجہ عرب کا بھی جہانِ فہم کو روشن قمر کرتی ہے یہ اردو ہوئے خسروؔ، کوئی غالبؔ، کوئی مومنؔ ہو یا کہ میرؔ سخن کی خاک کو سونا، گہر کرتی ہے یہ اردو بقا کی جنگ لڑ کر بھی کبھی بوڑھی نہیں ہوتی نیا ہر دور میں تازہ سفر کرتی ہے یہ اردو تکلم میں لطافت ہے، تخیل میں بلندی ہے دلوں میں اپنی تہذیبوں کا گھر کرتی ہے یہ اردو زمانہ لاکھ بدلے، اس کی عظمت کم نہیں ہوتی چراغِ علم و فن کو معتبر کرتی ہے یہ اردو نہ رسمِ کہنہ کی پابند، نہ فردا سے گریزاں ہے نئے موسم میں خود کو معتبر کرتی ہے یہ اردو کبھی غزلوں کے پیکر میں، کبھی نظموں کے سانچے میں خیال و فکر کو رنگِ ہنر کرتی ہے یہ اردو مٹائے سے مٹے گی کیا زمانے سے عطاؔ دیکھو دلوں کی سلطنت پر شب گزر کرتی ہے یہ اردو

تجدیدِ عہد کی ضرورت

اقبالؔ کی یاد اور اردو سے وابستگی کا حقیقی مفہوم اسی وقت متحقق ہو سکتا ہے جب ہم ان کے افکار کو محض تقریبات اور تحریروں تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی علمی و عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ اقبالؔ نے جس خودی، خود اعتمادی اور عملِ پیہم کا درس دیا، وہ آج بھی ہماری فکری و تہذیبی زندگی کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اسی طرح اردو کی بقا اور ترقی کے لیے محض ماضی کی عظمت پر اکتفا کرنے کے بجائے اس کے مستقبل کی تعمیر میں اپنا حصہ ادا کرنا ناگزیر ہے۔

اقبالؔ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے پیغامِ خودی کو سمجھیں، ان کے تصورِ حیات سے روشنی حاصل کریں اور اپنی نسلوں میں علم، کردار اور خود شناسی کا شعور پیدا کریں۔ اسی طرح اردو سے محبت کا معتبر ترین ثبوت یہ ہے کہ ہم اسے اپنے مطالعے، تحریر، تحقیق اور علمی مکالمے کی زندہ زبان بنائیں۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اقبالؔ کی فکر ہماری فکری رہنمائی کا چراغ بنے اور اردو ہماری تہذیبی شناخت کے اظہار کا مؤثر وسیلہ۔ زبان کا وقار اس کے بولنے والوں کے علمی مرتبے سے بلند ہوتا ہے اور شاعر کی عظمت اس وقت زندہ رہتی ہے جب اس کا پیغام نسل در نسل منتقل ہوتا رہے۔

اقبالؔ کا فکر و فن ہمارے لیے سرمایۂ افتخار ہے اور اردو ہماری تہذیبی و ادبی میراث؛ ان دونوں کی پاس داری دراصل اپنے شعور، اپنی شناخت اور اپنے مستقبل کی پاس داری ہے۔

غلام مزمل عطاؔ اشرفی
سہرسہ، بہار

0 Comments

Post a Comment

Post a Comment (0)

Previous Post Next Post