آئینۂ نارسائی
سہرسہ، بہار
نارسائی، تنہائی، عشق کی بے بسی اور وفا کے احساسات سے
مزین ایک غزل، جس میں انسانی جذبات کی گہری ترجمانی
شعری پیرائے میں کی گئی ہے۔
جب مقدر میں لکھی ہو نارسائی، کیا کریں
بزمِ عالم میں بھلا اب لب کشائی کیا کریں
جب حقیقت میں کوئی اپنا نہیں اس شہر میں
پھر کسی کے نام سے یہ آشنائی کیا کریں
زخم دل کے جب چھپانے کا ہنر آ ہی گیا
چارہ گر کے سامنے پھر جگ ہنسائی کیا کریں
عشق کا دستور ہے خود کو مٹا دینا یہاں
حسن کے بازار میں پھر خود نمائی کیا کریں
مے کدے کی سمت اٹھتے ہیں قدم بے اختیار
چشمِ ساقی دیکھ کر اب پارسائی کیا کریں
آئینہ خانے میں بھی اب عکس اپنا اجنبی
صورتِ آئینہ اب حیرت فزائی کیا کریں
عشق کی رہ میں اگر رسوا ہوئے ہیں بارہا
اے عطاؔ اس عہد سے ہم بے وفائی کیا کریں

Post a Comment