حضور تاج الاصفیاء حضرت سید شاہ مصطفی اشرف علیہ الرحمہ کا مختصر تعارف

 17 ربیع الاول شریف بموقعہ یوم وصال پاک

شہزادہ مخدوم سمناں, قدومة العارفین, زبدة الواصلین, برہان العاشقین, تاج الاصفیا, پیر طریقت, رہبر راہ شریعت, ابوالمجتبیٰ حضرت علامہ ومولانا *سید محمد مصطفیٰ اشرف* اشرفی جیلانی رحمتہ اللہ علیہ

*فیضان اشرف الاولیاء* گروپ کا خراج عقیدت۔ 


       *مختصر تعارف*

آپ کا اسم گرامی سید مصطفیٰ اشرف ہے، لقب تاج الاصفیا کنیت ابوالمجتبیٰ ہے۔


آپ مخدوم الاولیا، امام العارفین، ہمشبیہ غوث الثقلین اعلیٰحضرت سید شاہ علی حسین اشرفی جیلانی (المعروف اعلیٰحضرت اشرفی میاں) قدس سرہ النورانی کے صاحبزادے ہیں۔


٧/ ذیقعدہ دوشنبہ کے دن ١٣١١ھ میں علم وعرفان والے گھرانے میں کچھوچھہ مقدسہ میں آپ کی ولادت با سعادت ہوئی۔


آپ رحمتہ اللہ علیہ ایک عالم باعمل، صوفی باصفا، کامل مرشد ہدایت اور رہنمائے طریقت تھے آپ کی ذات تنہا ایک انجمن تھی۔


بارہا آپ کو یہ فرماتے ہوۓ سناگیا کہ: 

*"میں قطب الارشاد اشرفی میاں کا فرزند ہوں بہتا دریا ہوں جو چاہے مجھ فقیر سے مستفیض ہو سکتا ہے، میرے بعد اس طرح دینے والا نہیں ملے گا"۔*


*تصرف وکرامت:* اس خاندان کے بزرگوں کا سراپا وجود ہی کرامت ہے جن سے اس کا صدور ہوتا رہاہے، حضور تاج الاصفیا رحمتہ اللہ علیہ کی حیات مبارکہ سنت رسول کا آئینہ تھی۔ حضرت علیم اللہ شاہ چشتی عمرآبادی علیہ الرحمہ نے فرمایا کہ:

*حضرت مولانا سید شاہ مصطفیٰ اشرف رحمتہ اللہ علیہ اولیاء ابدال میں سے تھے۔ دنیا میں رہ کرمعاملات دنیا سے بے نیاز لیکن حالات دنیا سے ہمہ وقت با خبر رہے۔ بیک وقت متعدد جگہوں پر پائے گئے۔*


آپ بڑے جلالی بزرگ تھے۔ ایک دفعہ آپ رحمتہ اللہ علیہ بچوں کی دلجوئی کےلئے ان کے ساتھ تفریح کر رہے تھے، ان میں آپ کے فرزند ارجمند اشرف الاولیاء حضرت سید مجتبیٰ اشرف اشرفی جیلانی (رحمتہ اللہ علیہ) بھی تھے۔

 اتفاق سے ادھر سے ایک مرغی کا گزر ہوا، مرغی دیکھ کر آپ رحمتہ اللہ علیہ نے بچوں سے فرمایا *"مرغی کو پکڑو ذبح کرینگے"۔* 

جب شہزادوں نے اس کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ اِدھر اُدھر بھاگتی رہی کسی کی پکڑ میں نہ آئی۔ حضور تاج الاصفیا رحمتہ اللہ علیہ بچوں کی تگ و دو دیکھنے کے بعد مرغی سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: 

*"اے مرغی! ان بچوں کو پریشان کر رہی ہے ارے جَل کیوں نہیں جاتی"۔* 

آپ کی زبان اقدس سے یہ جملہ نکلنا تھا کہ مرغی اچانک رُکی کی رُکی رہ گئی۔


حضور اشرف الاولیاء رحمتہ اللہ علیہ نے قریب جاکر اس مُرغی کو پکڑا تو وہ جل کر راکھ ہوچکی تھی۔ اس جلی ہوئی مرغی کو لے کر حضور اشرف الاولیا اپنے جد امجد حضور اعلیٰحضرت اشرفی میاں رحمتہ اللہ علیہما کی بارگاہ اقدس میں پہنچے اور آپ کے ہاتھ میں دے دیا۔

حضور اعلیٰحضرت اشرفی میاں نے جلی ہوئی مرغی کو دیکھ کر جلنے کا سبب پوچھا۔

آپ نے پورا واقعہ بتایا تو اعلیٰحضرت اشرفی میاں نے حضور تاج الاصفیا علیہما الرحمہ کو بلاکر ارشاد فرمایا: 

*"آج مرغی جلا ڈالا کل بچہ جلا ڈالوگے"۔*

 پھر آپ نے حضور تاج الاصفیا رحمتہ اللہ علیہ کے جلال کو سلب فرما لیا۔ 

*اس کے باوجود حضور تاج الاصفیا علیہ الرحمہ کا عالم یہ تھا کہ صبح کو پہلی نظر ملانے کی کسی کو جرأت نہ ہوتی تھی۔*


بہت مشہور واقعہ ہیکہ موضع پہلام، سمری بختیار پور ضلع سہرسہ (بہار) میں ایک مریدکے گھر قیام پذیرتھے، نماز کا وقت ہوا تو حضور تاج الاصفیا رحمتہ اللہ علیہ نے نیم کی مسواک کرکے وضوکیا اورمسواک اسی جگہ پر گاڑ دیا اورصاحب خانہ سے فرمایا کہ:

 *"حسام الدین جب اسی درخت میں تمہارا ہاتھی بندھے گا, اس وقت فقیر تمہارے گھر آئے گا۔"*

 حضور تاج الاصفیا کی دعا نے ایسا اثر کیا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے حسام الدین اشرفی کو دولت سے نوازا اوراس نے ہاتھی خریدا اور اسی پیڑ میں لاکر باندھا جس کی پیشن گوئی حضور تاج الاصفیا نے پہلے ہی فرمادی تھی، پھر حضرت اس کے گھر تشریف لے گئے۔ میرے والد گرامی مولانا محمد خالد حسین اشرفی (اللہ ان پر رحم و کرم کی بارشیں نازل فرمائے) وعلاقے کے دیگر حضرات بتاتے ہیں کہ: *"اس پیڑ کے پتے عام نیم کے پیڑوں کے جیسے کڑوے نہیں تھے۔"*

ابھی بھی وہ پیڑ موجود ہے ناچیز راقم الحروف نے بھی اس پیڑ کو دیکھا ہے, اس کی پتیاں وچھال بہت سی بیماریوں کی دوا وعلاج ہیں۔


*وصال پاک:* حضرت تاج الاصفیا رحمتہ اللہ علیہ ١٧ ربیع الاول شریف ١٣٨٦ ھ کو نماز تہجد ادا فرمانے کے بعد ذکر میں مشغول ہوگئے اور ذکر کرتے کرتے رب العالمین کے حضور پہونچ گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

آپ کی قبر انور آپ کے والد بزرگوار مخدوم الاولیا اعلیٰحضرت اشرفی میاں رحمتہ اللہ علیہ کے مزار انور کے مغربی حصے میں نیر شریف کے کنارے کچھوچھہ مقدسہ میں مرجع خلائق ہے۔ 


*خصوصی التجا* : خاتون جنت سلام اللہ علیہا کے اس حسین پھول کی بارگاہ اقدس میں خوب خوب نیاز پیش کریں,

اللہ رب العزت اپنے پیارے محبوب ﷺ کے طفیل حضور تاج الاصفیا قدس سرہ کے مرقد انور پہ رحمت ونور کی بارشیں نازل فرمائے اور ہمیں ان کے فیوض وبرکات سے مالامال فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ

0 Comments

Post a Comment

Post a Comment (0)

Previous Post Next Post