پر کیف صلاۃ و سلام | شانِ مصطفیٰ ﷺ اور محبتِ اہلِ بیت

پر کیف صلاۃ و سلام

مصطفیٰ، مجتبیٰ، خاتم الانبیا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

شان رب العلا، صورت حق نما

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

اے رسولِ خدا، اے امینِ خدا

اے دلیلِ ہدیٰ، اے چراغِ وفا

اے نویدِ سحر، اے فروغِ ضیا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

آپ جانِ جہاں، آپ روحِ حیات

آپ سے ہے منور دلِ کائنات

آپ کے نام سے ہے دلوں کو جِلا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

آپ آئے تو دنیا کو عرفاں ملا

زندگی کو نیا حسن و عنواں ملا

آپ سے مل گئی بندگی کی ادا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

آپ کا خلق قرآں کی تفسیر ہے

آپ کی ہر ادا حسن تقدیر ہے

آپ کی سیرت پاک رب کی عطا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

آپ کی گفتگو حکمتوں کا خزیں

آپ کی خامشی میں بھی علم یقیں

آپ کی ہر نظر ہے پیام ہدی

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

آپ کا ذکر ہے باعثِ آبرو

آپ کا نام ہے موجبِ رنگ و بو

آپ سے روشنِ شش جہت کی فضا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

آپ کے دم سے ایمان کو زندگی

آپ کے نام سے دل کو ہے روشنی

آپ ہی ہیں امید دل مبتلا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

آپ ہیں وجہ تخلیق ارض و سما

آپ ہی ابتدا آپ ہی انتہا

سدرۃ المنتہی آپ کے زیر پا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

اہلِ بیتِ نبی باعثِ افتخار

ان کی الفت ہے دل کے لیے خوش گوار

ان کی نسبت سے ملتا ہے قربِ خدا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

آپ دامادِ خیرُالوریٰ، مرتضیٰ

آپ ہمرازِ زہرا، علی باصفا

آپ آلِ نبی کے ہیں تاجِ وفا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

کعبۂ پاک میں آپ کی ابتدا

آپ کی شان کا یہ عجب ماجرا

آپ مولودِ کعبہ، شہِ اولیا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

زاہدہ، عابدہ، طیبہ، طاہرہ

آپ ہی جانِ جانِ نبی، فاطمہ

آپ عصمت کا روشن نشانِ ہدیٰ

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

اے حسن مجتبیٰ، سبطِ خیرُالوریٰ

حلم و جود و سخا، پیکرِ خوش ادا

آپ امن و محبت کا روشن دیا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

وہ حسین جس نے سب کچھ فدا کر دیا

سیدِ کربلا، وارثِ مصطفیٰ

شیرِ حق، پاسدارِ حریمِ ہدیٰ

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

آپ کے در سے خالی نہ کوئی گیا

آپ کے در پہ جو آیا، وہ پا گیا

آپ کی ذات بابِ عطائے خدا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

آپ مشکل کشا، آپ حاجت روا

آپ غم خوارِ امت، شفیعِ خطا

آپ ہی آسرا روزِ دارالجزا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

دہر میں جتنے اربابِ عرفاں ہوئے

آپ کے نقشِ پا کے نگہباں ہوئے

آپ ہیں مرکزِ ہر طریق و ہدیٰ

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

سلسلہ چشتی ہو، اشرفی، قادری

نقشبندی، رفاعی ہو یا شاذلی

ہر سلاسل کا ہے منتہا مصطفیٰ

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

چشتی نسبت ہو یا اشرفی، قادری

رضوی ہو ، نقشبندی ہو یا وارثی

سب کے دل میں ہے عشق شہ انبیا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

اہلِ سنت کے ہر سلسلے کا اصول

آپ کی سنتوں سے ہے وابستہ کل

آپ ہی رہنما، آپ ہی مقتدا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

تا ابد آپ کی مدح کرتا رہوں

اپنی ہر سانس نذرِ عقیدت کروں

بس یہی آرزو، بس یہی التجا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

بھیجتا ہے درود آپ پر خود خدا

سب فرشتے سبھی انبیا ، اولیا

عرض کرتا عطاؔ، عاجز و پر خطا

آپ پر ہوں ہزاروں درود و سلام

غلام مزمل عطاؔ اشرفی

سہرسہ، بہار

0 Comments

Post a Comment

Post a Comment (0)

Previous Post Next Post