منقبت در شان امام احمد رضا علیہ الرحمہ | غلام مزمل عطاؔ اشرفی

منقبت در شان امام احمد رضا علیہ الرحمہ

کلام: غلام مزمل عطاؔ اشرفی
امام احمد رضا علیہ الرحمہ کی علمی، ادبی، فکری اور دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوئی یہ منقبت محبت و عقیدت کے ساتھ ان کی علمی بصیرت، تحریری فصاحت، عشقِ رسول ﷺ، دفاعِ سنت اور باطل کے مقابل حق گوئی کو شعری انداز میں بیان کرتی ہے۔
منقبت

اہلِ سنن کی چاہت، سرکارِ اعلیٰ حضرت
رشکِ ہجومِ خلقت، سرکارِ اعلیٰ حضرت

ہر لفظ میں تھی حکمت، ہر سطر میں بصیرت
تحریر کی فصاحت، سرکارِ اعلیٰ حضرت

علمِ نبی کے وارث، اسرارِ دیں کے محرم
عرفان کی بصارت، سرکارِ اعلیٰ حضرت

محرابِ عشقِ احمد ﷺ سجدوں کی آبرو ہے
دل کی وہی عبادت، سرکارِ اعلیٰ حضرت

جو عشق کو سمجھتے احکام سے جدا تھے
ان پر ہوئی ملامت، سرکارِ اعلیٰ حضرت

فتنہ اٹھا ہے جب بھی گمراہ فکر لے کر
ایماں کی کی حفاظت، سرکارِ اعلیٰ حضرت

کلکِ رضا کی ہیبت، قرطاس پر جلالت
باطل پہ ہے قیامت، سرکارِ اعلیٰ حضرت

بدعت نہیں، سنن کی تفہیم تھی نمایاں
ہر سطر تھی ہدایت، سرکارِ اعلیٰ حضرت

صدیوں تلک رہے گی تیغِ رضا کی ہیبت
علموں کی ہے امارت، سرکارِ اعلیٰ حضرت

زورِ قلم کی خاطر در پر عطاؔ کھڑا ہے
خامہ کو دو جلالت، سرکارِ اعلیٰ حضرت

غلام مزمل عطاؔ اشرفی
سہرسہ، بہار

0 Comments

Post a Comment

Post a Comment (0)

Previous Post Next Post